28 مئی ، 2014
لاہور…بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر اعظم نواز کی والدہ کیلئے شالوں کا تحفہ بھیجا ہے۔وزیراعظم میاں نوازشریف کے مختصر دورہ بھارت کے دوران دونوں وزرائے اعظم کی زیادہ اور طویل ملاقاتیں تو نہ ہوسکیں لیکن دونوں کے درمیان اپنی ماوٴں کے بارے میں گفتگو آجکل خبروں میں ہے اور اب پتہ چلا ہے کہ نریندر مودی نے میاں نوازشریف کی والدہ کے لیے تحائف بھی بھیجے ہیں ۔ اس بات کا انکشاف مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیا ہے۔ مریم کہتی ہیں کہ ان کی دادی کے لیے شال اور سابق بھارتی وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کا مرتب کردہ شاعری کا مجموعہ بھجوانے پروہ نریندر مودی کی شکرگزار ہیں۔ مریم نوازنے یہ بھی بتایا کہ دورے سے لوٹنے پر میاں نوازشریف نے خود اپنی والدہ کی خدمت میں نریندرمودی کے بھیجے ہوئے تحائف پیش کیے۔ حلف برداری کی تقریب کے دوران وزیراعظم نوازشریف نے بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کو بتایا تھا کہ ان کی اماں مودی اور ان کی والدہ کو اسکرین پر مٹھائی کھاتا دیکھ کر جذباتی ہوگئی تھیں۔