28 مئی ، 2014
اسلام آباد…مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ نواز شریف سے ملاقات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کوئی چارج شیٹ نہیں پکڑائی، دہشت گردی دونوں ممالک کا مسئلہ ہے، مل کر اس مسئلے کو حل کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے وزیر اعظم کے دورہ بھارت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز مودی ملاقات میں ممبئی حملوں ، سمجھوتا ایکسپریس اور انسداد دہشت گردی سمیت تمام اہم معاملات پر بات ہوئی،اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کی جائے گی۔ ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ نوازمودی ملاقات میں پاکستان کو کوئی چارج شیٹ پکڑائی گئی ہے۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کو بتایا ہے کہ ممبئی حملوں سے متعلق عدالتی ٹرائل چل رہا ہے۔ بھارت نے اس معاملے کو جلد سے جلد حل کرنے کی درخواست کی ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ نواز شریف نے نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر بھی بات کی ہے، تاہم نواز شریف تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے گئے تھے، اگر مذاکرات کیلئے گئے ہوتے تو حریت لیڈروں سے ضرور ملتے۔