28 مئی ، 2014
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی حمایت کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ منصوبے کی راہ کی رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ایم کیو ایم کے جاری کردہ بیان میں حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے کہاکہ کراچی جیسے میگا سٹی میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبے پنجاب میں میٹروبس کے بعد اور اوریج میٹروٹرین چلانے پر کام کا آغاز بھی ہو گیا مگر ایک سازش کے تحت کراچی کو یتیم اور لاوارث چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے میں وفاقی اور صوبائی حکومت کی جانب سے سرد مہری اور عدم دلچسپی سے یہ عظیم الشان منصوبہ ختم ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جیکا کمپنی کی جانب سے واضح کہاگیا ہے کہ 8کلو میٹر رقبہ گزشتہ 5سال سے خالی نہیں ہوسکا اور اسی بناء پر کمپنی ڈھائی کھرب روپے پھنسا نہیں سکتی۔ حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ منصوبے پر فوری کام کا آغاز کیا جائے اور ملک کے ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھنے والے کراچی پر خصوصی توجہ دی جائے۔