پاکستان
09 جون ، 2014

قومی سلامتی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے:رضا ربانی

قومی سلامتی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے:رضا ربانی

اسلام آباد......پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، کراچی ایئر پورٹ پر حملے کی پیشگی اطلاع کیوں نہیں دی گئی ،انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ادارے کہاں تھے، وفاقی وزیر داخلہ اور مشیر ہوا بازی استعفیٰ دے دیں۔ ڈپٹی چیئرمین صابر بلوچ کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں کراچی ایئرپورٹ اور وزیرستان حملے میں جاں بحق افراد کےلیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ وفاق جل رہا ہے، کراچی میں حملہ ہوا لیکن وفاقی وزیر داخلہ کا کوئی بیان نہیں آیا، وزیر اعظم نے انہیں کراچی بھیجا، وفاقی وزیر داخلہ کا جب یہ حال ہو گا تو پھر وزیرستان اور کراچی میں یہی کچھ ہونا ہی تھا۔ سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ حکومت کہاں ہے، سیکیورٹی اداروں کے سربراہان کہاں ہیں جن کو ہم اتنا بجٹ دیتے ہیں،وہ خود اپنی حفاظت نہیں کر سکتے، ہماری کیا کریں گے ، دہشت گرد تو اسلحہ لے کر پارلیمنٹ بھی آ سکتے ہیں۔ قائد ایوان راجا ظفر الحق نے کہا کہ جو آپ نے کل بویا تھا ہم آج کاٹ رہے ہیں، جی ایچ کیو، مہران بیس اور کامرہ بیس پر حملے گزشتہ دور حکومت میں ہوئے، کیا اس وقت کسی نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیا تھا۔ سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ کامرہ اور مہران بیس وزارت داخلہ نہیں دفاع کے دائرہ اختیار میں تھے، پہلی بار سویلین حکومت کے زیر انتظام کسی اہم مقام پر حملہ ہوا ہے۔

مزید خبریں :