پاکستان
10 جون ، 2014

کراچی ایئرپورٹ کے کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

کراچی ایئرپورٹ کے کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 7 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں

کراچی .....سانحہ کراچی ائیر پورٹ کے بعد کولڈ اسٹوریج میں پھنسے 7 افراد کی لاشوں کو 28 گھنٹے بعد نکال لیا گیا۔ اس طرح جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہو گئی۔وزیر صحت سندھ کہتے ہیں ایک لاش کی شناخت کر لی گئی ۔باقی6 لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے نمونے لیے جائیں گے۔ اس کام میں 21 دن لگیں گے ۔تکلیف اور کرب سے بھرا انتظار ختم ہوگیا۔اتوار کی شب کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملے سے بچنے کیلئے کولڈ اسٹوریج میں پناہ لینے والے 7 زندہ افراد منگل کی صبح مسخ شدہ لاشوں کی صورت میں باہر نکال لیے گئے۔28 گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن میں متعدد بھاری مشینوں اور درجنوں اہل کاروں نے حصہ لیا اور پھر ٹرمینل کی دیوار توڑ کر آپریشن مکمل کیا گیا۔تمام 7 لاشیں جب جناح ہسپتال پہنچائی گئیں تو وہاں موجود ورثاء اور لواحقین غم سے نڈھال ہوگئے۔جناح ہسپتال کے سینئیر میڈیکو لیگل آفیسر ڈاکٹر کلیم شیخ نے بتایا کہ لاشوں کی شناخت کا عمل جلد سے جلد مکمل کرنے کی کوشش ہوگی۔رات بھر جاری رہنے والے ریسکیوآپریشن کےدوران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر صغیر احمد بھی موجود رہے اور صبح تک تمام میتیوں کی جناح ہسپتال منتقلی تک تمام کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے انتظامیہ کو ہدایت کی تھی کہ امدادی کام میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ جس کے بعد آرمی انجئینرنگ کور، رینجرز، سول ایوی ایشن کے حکام کے علاوہ چیف سیکرٹری بھی آپریشن کی نگرانی کرتے رہے ۔

مزید خبریں :