11 اپریل ، 2012
پشاور … وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ ڈرون حملوں سے ایک طرف اشتعال بڑھتا ہے تو دوسری طرف دہشت گرد مضبوط ہوتے ہیں، اس لئے بہتر نتائج کیلئے امریکا پاکستان کے ساتھ ڈرون ٹیکنالوجی شیئر کرے۔ پشاور میں سوات کے صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو میں وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ ڈرون حملوں سے امریکا کی ساکھ متاثر ہوئی ہے، کسی بھی ملک کو دوسرے ملک میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے، بلکہ دوسرے ممالک کی آزادی اور خود مختاری کا خیال رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سمیت کوئی بھی ہماری مدد کرتا ہے تو ہم دل کھول کر اس کو سراہتے ہیں، لیکن مدد کرنے والوں کو ضرور سامنے آنا چاہئے تاکہ عوامی سطح پر ان کا امیج بہتر ہو۔ صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا کہ امریکا سمیت ہر ملک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات کے خواہاں ہیں اور ملکی مفادات پر سودا نہیں کیا جائے گا۔