16 جون ، 2014
راولپنڈی...... ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن منصوبے کے مطابق جاری ہے۔آپریشن ضربِ عضب کی آج کی کارروائیوں میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔کل دیگان اوربویا میں فضائی کارروائی میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 140 ہوگئی۔کارروائیوں میں عام شہریوں کی کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق فوج نے میران شاہ اور میر علی سمیت شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کا گھیراؤ کرلیا ہے۔آج صبح شوال میں جیٹ طیاروں کے ذریعے کارروائی کی گئی جس میں 27 دہشت گرد ہلاک اور ان کے 6 ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔گزشتہ رات میر علی کے نواحی علاقے سے 7 دہشت گرد فرار ہوتے ہوئے ہلاک کردیے گئے جبکہ میران شاہ میں 3 دہشت گرد بارودی مواد نصب کرتے ہوئے اسپیشل سروسز گروپ کی کارروائی میں مارے گئے۔گزشتہ رات میر علی کے قریب دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجی زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے شہری آبادی والے علاقوں میں کوئی آپریشن شروع نہیں کیا گیا اور شہریوں کا محفوظ انخلا یقینی بنایا جا رہا ہے۔شمالی وزرستان کے آئی ڈی پیز کے لیے بنوں میں کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے شمالی وزیرستان کی ناکا بندی کرلی گئی ہے،اور پاک افغان سرحد پر بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افغان فوج اور افغان بارڈر پولیس سے بھی سیکیورٹی بڑھانے اور کنڑ، نورستان اور دیگر افغان علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کی درخواست کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے بعد ملک کے تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ملک بھر میں حساس تنصیبات پر بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔فوج کے دستوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔ہنگامی حالات میں شہری انتظامیہ فوج کے دستوں سے مدد لے گی۔