پاکستان
18 جون ، 2014

مشرف غداری کیس: سیکریٹری داخلہ شاہد خان کا بیان مکمل

مشرف غداری کیس: سیکریٹری داخلہ شاہد خان کا بیان مکمل

اسلام آباد....مشرف غداری کیس میں سیکریٹری داخلہ شاہد خان کا بیان مکمل ہوگیا، انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم دفترسے غداری الزامات کی تحقیقات کی ہدایات ملی تھیں، تحقیقات، جائزے اور مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ملزم پرویز مشرف پر مقدمہ بنتا ہے۔ مشرف کے خلاف سنگین غداری الزامات کی تحقیقات کےلیے وزیراعظم ہاؤس سے جاری خط کی نقل خصوصی عدالت میں پیش کردی گئی۔ آج سماعت کے دوران غداری کیس میں سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے بطور شکایت کنندہ اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ شاہد خان نے بتایا کہ 26 جون 2013 کو وزیراعظم ہاؤس سے خط ملا تھا، جس کے بعد ایف آئی اے کو پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کے الزامات کی تحقیقات کےلیے ٹیم تشکیل دینے کا حکم دیا گیا تھا۔ ایف آئی اے نے تحقیقات مکمل کرکے 16 نومبر کو رپورٹ پیش کی ۔ اس رپورٹ پر محکمہ قانون سے جائزے اور مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے کہ ملزم پر مقدمہ بنتا ہے۔ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے استفسار کیا کہ ملزم کون ہے؟، سیکریٹری داخلہ نے جواب دیا ملزم جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف ہیں ۔ کسی اور کو مقدمے میں شامل نہ کرنے کے سوال پر شاہد خان نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد مقدمہ دائر کیا گیا۔ وزیر اعظم ہاوس کی جانب سے لکھے گئے خط کی نقل عدالت میں پیش کر دی گئی،خط کی اصل کاپی پیش نہ کرنے پر پرویز مشرف کے وکلا نے اعتراض کیا ، جس پر سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ اصل کاپی شاید سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی تھی۔ کیس کی آئندہ سماعت 24 جون کو ہوگی اور اس دن مشرف کے وکلا کی جانب سے سیکریٹری داخلہ شاہد خان کے بیان پر جرح کی جائے گی۔

مزید خبریں :