18 جون ، 2014
لاہور....لاہور میں تحریک منہاج القرآن کے جاں بحق 6 کارکنوں کی اجتماعی نماز جنازہ کےبعدتدفین کر دی گئی ۔ساتویں شخص کی میت ان کےآبائی شہر شیخوپورہ لےجائی گئی،جہاں انہیں سپردِ خاک کیا گیا۔ نمازجنازہ میں سیاسی رہنماؤں اور تحریک منہاج القرآن کے کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ شازیہ ، تنزیلہ ،محمدرضا، عاصم حسین،غلام رسول،صفدر حسین اور اقبال علی کی نمازِجنازہ تحریک منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں اداکی گئی،اس موقع پرفضاء مزید سوگوار ہوگئی اور رقت آمیز مناظردیکھنےکوملے۔ نمازِ جنازہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے صاحبزادے ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے پڑھائی ۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہٰی ، تحریک انصاف کے رہنماؤں میاں محمودالرشید ، عبدالعلیم خان ، اعجاز چودھری ،پیپلزپارٹی کے خرم جہانگیر وٹو اوردیگر سیاسی رہنماؤں و کارکنوں کی بڑی تعدادکےعلاوہ منہاج القرآن کےکارکنوں کی بڑی تعدادبھی شریک ہوئی۔بعدمیں مرحومین کی میتیں ان کے گھروں کو بھجوا دی گئیں۔ محمدرضاکی تدفین کوٹ لکھپت،صفدرحسین کی شیخوپورہ،شازیہ مرتضیٰ اور ان کی قریبی عزیزہ تنزیلہ امجدکی تدفین شالیمارٹاؤن،محمداقبال کی چونگی امرسدھو، عاصم حسین کی مناواں اور غلام رسول کی تاج پورہ اسکیم میں ادا کی گئی۔