پاکستان
19 جون ، 2014

آپریشن کا پانچواں دن،کل سے 4 تحصیلوں سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی

آپریشن کا پانچواں دن،کل سے 4 تحصیلوں سے ہزاروں افراد کی نقل مکانی

میران شاہ........شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کے باعث مقامی افراد کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج 2تحصیلوں میں کرفیو میں ایک دن کی نرمی کی گئی۔ کل سے اب تک چار تحصیلوں سے ہزاروں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ ٹرانسپورٹ کی کمی کے باعث بڑی تعداد میں لوگ پیدل سفر کرکے بھی بنوں پہنچے۔آپریشن ضرب عضب کے پانچویں روز تحصیل غلام خان اور میران شاہ میں نافذ کرفیو میں ایک دن کی نرمی کی گئی۔ اس دوران مقامی افراد کی بڑی تعداد بنوں پہنچی ہے۔ ٹرانسپورٹ کی کمی کے سبب بہت سے لوگ پیدل ہی بنوں پہنچے۔ جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مقامی افراد کا کہنا تھا کہ وہ ایک گھنٹے کا سفر ایک دن میں طے کررہے ہیں۔ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی باقاعدہ طور پر سیدگئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن کے بعد آئی ڈی پیز کو آگے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ چیک پوسٹ پر آئی ڈی پیز کی سیکڑوں گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ کمشنر بنوں محسن خان کے مطابق تحصیل غلام خان اور میران شاہ سے اب تک 52ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ بدھ کو میر علی اور رزمک سے 72ہزار افراد نے نقل مکانی کی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بنوں آنے والے افرادکے لیے بکا خیل کے مقام ایف آر بنوں میں کیمپ قائم کیاگیا ہے۔ یہاں 2سے 250خیمے لگائے گئے ہیں۔ جہاں بنیادی سہولتیں موجود ہیں۔ بنوں پہنچنے والے بہت سے لوگ کرائے کے گھربھی تلاش کررہےہیں لیکن اتنی بڑی تعدادمیں گھر میسر نہ آنے پر اب نقل مقامی کرنے والے یہ افرادلکی مروت،ڈیرہ اسماعیل خان،کرک،کوہاٹ اورملک کے دیگر شہروں کی طرف اپنا سفرجاری رکھے ہوئےہیں۔ ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے لوگ سرکاری کیمپوں میں جانے کو تیار نہیں ہیں جس کی ایک وجہ انہیں طالبان کی جانب سے پمفلٹ کے ذریعے ملنے والی دھمکی بھی ہے۔ ایف آر بنوں کی پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق کل تحصیل بویہ اور تحصیل دتہ خیل میں صبح 5بجے سے رات گئے تک کرفیو میں نرمی کی جائے گی جہاں سے ہزاروں افراد نقل مکانی کریں گے۔

مزید خبریں :