19 جون ، 2014
لاہور..........سانحہ ماڈل ٹاؤن کے تیسرے روز بھی جماعت اسلامی ،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی ادارہ منہاج القرآن آمد کا سلسلہ جاری رہا،زخمی ہونے کے بعد جاں بحق ہونیوالے ایک اور کارکن کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار ہمدردی کیلئےمختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما منہاج القرآن سیکریٹریٹ پہنچے ۔ان میں ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی ، پیپلزپارٹی کے سردار لطیف کھوسہ ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ ، مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا،ڈاکٹر خالد رانجھا اور دیگر شامل تھے۔انہوں نے ادارہ کے قائدین سے اظہار یک جہتی کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ اگرپنجاب حکومت واقعات سے لاعلم تھی تویہ زیادہ شرم کی بات ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ لاہور میں حکومت کے ملی ٹینٹ ونگ نے سفاکیت کا مظاہرہ کیا، حکمران پہلے استعفیٰ دیتے ،پھر تحقیقات کرائی جاتی۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشیدنے کہاکہ جمہوریت کو اصل خطرہ شریف خاندان سے ہے، حکمران طاہرالقادری کی آمد سےخوفزدہ ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما لطیف کھوسہ نے کہا کہ پنجاب میں شریف برادران کے حکم کے بغیر چڑی پرنہیں مارتی، پولیس میں اتنی جرأت کہاں کہ اتنابڑا آپریشن کرتی؟ اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد دم توڑنے والے ایک اور کارکن کی نماز جنازہ منہاج القرآن سیکریٹریٹ میں ادا کی گئی ،اس موقع پر بھی انتہائی رقت آمیز مناظر نظر آئے ۔