12 اپریل ، 2012
واشنگٹن…انسانی دل کی سرگرمی جانچنے کا ٹیسٹ الیکٹروکارڈیوگرام( ای سی جی) مستقبل میں دل کے دوروں کی نشاندہی میں مددگارثابت ہوسکتاہے خواہ ایسے صحت مندافراد 70سال سے زائد عمر کے ہی کیوں نہ ہوں۔یہ بات منگل کو ایک امریکی طبی سروے میں کہی گئی ہے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن کی ایک طبی جریدے میں شائع ہونے والے سروے کے مطابق تحقیق کاروں نے 2192 صحت مند بالغ افرادجن کی عمریں 70 سے 79سال کے درمیان تھی، کی مسلسل 8سال تک طبی نگرانی کی ۔ اس سروے میں دل کی صحت جانچنے کے ٹیسٹ ای سی جی کو خاص موضوع بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایسے افراد جن کے پہلے اسی سی جی ٹیسٹ میں کم نقائص ظاہر ہوں ان میں دل کے دوروں کا خدشہ35فیصدجبکہ زیادہ نقائص والے افراد میں دل کے دوروں کا خدشہ51فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔تاہم بعض طبی ایسوسی ایشنوں جیسے امریکن اکیڈمی آف فیملی فزیشن امراض قلب کے کم خدشات والے افرادکے معمول کے ای سی جی کے استعمال کی دل کی بیماریوں کی اسکریننگ کے لئے معائنہ کی تائید نہیں کرتا۔ نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی فین بورک اسکول آف میڈیسن کے فلپ گرین لینڈنے اسی جریدے میں ایک ادارتی مضمون میں لکھا ہے کہ اس وقت تک کسی واضح فائدے کی عدم موجودگی اور آنے والی لاگت کے غیر واضح عملدرآمدکی صورت میں ،بہترین مشورہ یہی ہے کہ عمر کا لحاظ کئے بغیر ایسے مریض جو امراض قلب میں مبتلا نہیں ہیں ان کا ای سی جی نہ کرایا جائے ۔