پاکستان
22 جون ، 2014

جڑواں شہروں میں سیکیورٹی سخت،پنڈی میں دفعہ 144 نافذ

اسلام آباد.......پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری کی پاکستان إٓمد کے موقع پر جڑواں شہروں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ جبکہ اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بھی سیکورٹی انتہائی سخت ہے،فرحت جاوید کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری کی آمد کے موقع پر راولپنڈی اسلام آباد میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔سیکورٹی کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی سے ایئرپورٹ کو جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر نے شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے ۔ راولپنڈی میں ہر طرح کے جلسے جلوسوں پر اتوار کی دوپہر 12 بجے سے منگل کی رات 12 بجے تک پابندی ہوگی۔ ایئر پورٹ کے قریبی علاقوں میں جھنڈے اوربینرز لے جانے پر اور شہر میں ڈبل سواری کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے،شہرمیں لاوڈ اسپیکر کے استعمال ، ہتھیاروں کی نمائش پربھی پابندی لگائی گئی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد کے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ میں صرف ان مسافروں کو داخلے کی اجازت ہوگی جن کے پاس ٹکٹ اور پاسپورٹ ہونگے،ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق 23جون کو فلائیٹ آپریشن معمول کے مطابق ہونگے۔ ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی کہ مسافر اضافی سیکیورٹی چیکنگ کے لیے وقت سے پہلے ہوائی اڈے پہنچیں۔

مزید خبریں :