پاکستان
23 جون ، 2014

شمالی وزیرستان سےاب تک 4 لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی

  شمالی وزیرستان سےاب تک 4 لاکھ سے زائد افراد کی نقل مکانی

میران شاہ......پانچ روز کے دوران شمالی وزیرستان سے اب تک چار لاکھ کے قریب افراد نقل مکانی کرکے بنوں اور مختلف شہروں میں منتقل ہورہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں آج صبح 6 بجے سے شام 4 بجے تک کرفیو میں نرمی کی گئی ہے ۔ادھر انتظامیہ نے میران شاہ بازار اور میرعلی تحصیل مکمل طور پر خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق آج شمالی وزیرستان کی تمام 9 تحصیلوں میں صبح 6 بجے سے شام چار بجے تک کرفیو میں نرمی رہے گی۔ انتظامیہ نے میرانشاہ بازار، میر علی بازار اور تحصیل میر علی آج ہر صورت میں مکمل طور پر خالی کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ادھر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کےا عداد و شمار کے مطابق شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی تعداد 37 ہزار 8 سو 85 ہوچکی ہے۔ شمالی وزیرستان میں آج کرفیو کے دوران توقع ہےکہ 70 سے 80 ہزار افراد نقل مکانی کریں گے۔ نقل مکانی کرنے والوں کے لئے سیدگئی چیک پوسٹ پر رجسٹریشن پوئنٹ قائم کیا گیا ہے جہاں فی خاندان کے حساب سے ان لوگوں کو پیسے بھی دیے جارہے ہیں۔ جبکہ یو این کی طرف سے بنوں کوہاٹ روڈ پر اسپورٹس کمپلیکس میں راشن بھی دیا جارہا ہے ۔نقل مکانی کرنے والوں کے لئے ایف آر بکا خیل میں کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے تاہم موجودہ کیمپ میں صرف 19 خاندان رہائش پذیر ہیں۔ جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کی زیادہ تعداد بنوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے ہے۔ اسکے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان۔ لکی مروت۔ کرک۔کوہاٹ۔ پشاور۔ راولپنڈی۔ اور ملک کے دیگر اضلاح کی طرف بھی جا رہے ہیں۔ شدید گرمی کی وجہ سے بنوں میں فلاحی تنظیموں مقامی لوگوں کی طرف سے انکے لئے خوراک اور مشروبات کےا سٹال بھی لگائے گئے ہیں۔ ادھر بنوں کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تمام اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ جبکہ نجی طور پر بھی میڈیکل کیمپ لگائے گئے ہیں۔

مزید خبریں :