23 جون ، 2014
لاہور.....ڈاکٹر طاہرالقادری جناح اسپتال لاہور پہنچ گئے ہیں جہاں وہ زخمی کارکنوں کی عیادت کریں گے۔ڈاکٹر طاہرالقادری کی جناح اسپتال آمد سے قبل ہی کارکنان کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچی ہے جو اپنے راہنما کو خوش آمدید کہیں گے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اس سے قبل شرط کے مطابق گورنر پنجاب چودھری سرور انہیں طیارے میں لینے آئے جبکہ ان کی پرائیوٹ سیکیورٹی اور گاڑیاں بھی جہاز تک لائی گئیں ۔ طاہرالقادری اسلام آباد سے طیارے کا رخ موڑنے اور لاہور میں اتارنے پر احتجاجاً صبح ساڑھے نو بجے سے طیارے میں ہی بیٹھے ہوئے تھے ۔ پہلے ان کا مطالبہ تھا کہ انہیں حکومت پر اعتماد نہیں ، فوج کو ان کی سیکیورٹی دی جائے یا پھر ان کا طیارہ واپس اسلام آباد بھجوایاجائے، کئی گھنٹوں بعد طاہرالقادری نے اپنی شرائط آسان کیں اور گورنرپنجاب چودھری سرور کے ساتھ جانے پر آمادگی ظاہر کی۔ گورنر چودھری سرور فوری انہیں لینے طیارے میں جاپہنچے جہاں دونوں شخصیات کی کچھ دیر بات چیت ہوئی اور پھر طاہرالقادری طیارے سے باہر آگئے ۔ طاہرالقادری کی دیگر شرائط میں سیکیورٹی اور بلٹ پروف گاڑیاں طیارے تک لانا اور گھر تک سفر کی براہ راست میڈیا کوریج بھی شامل ہیں ۔طیارے کے لاہور ایرپورٹ پر لینڈ کرنے کے وقت سے طاہر القادری کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی ایئرپورٹ احاطے میں موجود ہے جنہیں سیکیورٹی اہل کار ایرپورٹ میں داخلے سے نہ روک سکے ۔