12 اپریل ، 2012
لاہور … قومی کرکٹر محمد یوسف کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرکٹ سے ناطہ نہیں توڑا اب بھی پاکستان ٹیم میں کھیل سکتا ہوں جبکہ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سلیکشن کا معیار عمر نہیں فٹنس اور کارکردگی ہونی چاہئے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف کے دل میں ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اُمنگ جاگ اٹھی ہے، محمد یوسف کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ کرنا سب کیلئے حیران کن رہا ۔ انہوں نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ نیٹ پر بیٹنگ پریکٹس اور کوچ ڈیو واٹمور کے ساتھ ہیلو ہائے بھی کی۔ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ انہوں نے کرکٹ سے ناطہ نہیں توڑا، ڈھاکا میں لیگ کھیلی، لیسٹر شائرکے ساتھ معاہدہ ختم ہو گیا لیکن وہ پر امید ہیں کہ انگلش لیگ کھیلیں گے۔ اسٹار کرکٹر محمد یوسف نے کہا کہ وہ اب بھی پاکستان ٹیم کی جانب سے کھیل سکتے ہیں ۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سلیکشن کا معیار عمر نہیں فٹنس اور کارکردگی ہونا چاہئے، نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ٹریننگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کی بحالی بہت ضروری ہے۔مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے سری لنکا میں 2 مرتبہ کھیلنے کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔ ان کا کہنا ہے کہ تبدیلیوں سے فائدہ نہیں ہو گا، کمبی نیشن بنانے کی ضرورت ہے، سلیکشن میں استحکام لانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی ایل کیلئے کوششیں خوش آئند ہیں، اس سے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ بحال کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔