25 جون ، 2014
بنوں.......بنوں میں شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرین بڑی تعداد میں آباد ہوچکے ہیں۔ بنوں کے شہریوں نےمطالبہ کیا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات سخت کئے جائیں۔شمالی وزیرستان میں تقریباً 5 لاکھ سے زائد افراد نقل مکانی کرکے مختلف محفوظ مقامات پر منتقل ہوچکے ہیں۔ تاہم متاثرین کی بڑی تعداد بنوں میں پناہ گزین ہے۔ بنوں کےشہریوں کا کہنا ہے کہ متاثرین کی بڑی تعداد آباد ہونے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات نہیں کئے گئے۔ پولیس کی زیادہ تر نفری وی آئی پی لوگوں کے آنے جانے پر تعینات رہتی ہے جبکہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر اور خاص کر چیک پوسٹوں پر خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے گئےہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے ۔ متاثرین کے لئے پنجاب حکومت کی جانب سے خوراک کے 50 ٹرک اور 10 ہزار ٹینٹ بنوں میں متاثرین راشن کیمپ پہنچادیئے گئے۔ پنجاب حکومت کے صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اپنے ان قبائل بھائیوں کے ساتھ ہے اور بلا تفریق ان کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔بنوں کے اسپورٹس کمپلکس میں متاثرین میں 24گھنٹے راشن فراہم کیا جارہا ہے۔ گزشتہ روز راشن کی تقسیم کے دوران بد مزگی کے بعد سیکیورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے ہیں۔ادھر متاثرین کے 5سال سے کم عمر بچوں کے لئے 3روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران بنوں، کرک، لکی مروت، ہنگو،ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں قائم کیمپوں میں بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔