26 جون ، 2014
لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے کارکن ذیشان اقبال کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ الطاف حسین نے شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مظلوموں کے ساتھ ہے لہٰذ ا شہید کے اہل خانہ اللہ کے انصاف پر بھروسہ رکھیں اور صبر کریں۔ الطاف حسین نے ذیشان اقبال کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ دریں اثنامتحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے یونٹ155فیڈرل بی ایریا سیکٹر کے کارکن ذیشان اقبال پر گزشتہ روز حسین آباد کے علاقے میں مسلح دہشتگردوں کی فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ،اور کہا کہ دہشتگرد ایم کیو ایم کے نظریے حق پرستی سے خوف زدہ ہیں اسی لئے وہ کارکنان کو پے در پے نشانہ بنا کر شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزیدخراب کرنے کی سازش کر رہے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی نے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ایم کیوا یم کے کارکنان کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کے خلاف سخت کار روائی عمل میں لائے اوردہشتگرد عناصر کو بے نقاب کرے ۔علاوہ ازیں شہید ذیشان اقبال کو کے شہدا ء قبرستان یا سین آباد میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ حسین آباد میں واقع اوکھائی میمن مسجد میں ادا کی گئی ۔جس میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین احمدسلیم صدیقی ، عادل خان ، حق پرست اراکین اسمبلی خالد بن ولایت ، افتخار عالم سمیت کراچی تنظیمی کمیٹی کے اراکین ، سیکٹرز و یونٹس کے ذمہ داران ، کارکنا ن ، ہمدرد عوا م اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی اور شہید ذیشان اقبال کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ دریں اثنا رابطہ کمیٹی نے ممتاز اسکالر و شاعرہ اور معروف ادیب ڈاکٹرہلا ل نقوی کی اہلیہ سیدہ نسرین رضوی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورتمام سوگوار لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرکے انہیں اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے ۔