انٹرٹینمنٹ
28 جون ، 2014

ڈیلس میںفن ایشیا کے تحت فیشن شو کا انعقاد

ڈیلس میںفن ایشیا کے تحت فیشن شو کا انعقاد

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ خصوصی..... ڈیلس میں فن ایشیا دلہن/ فیشن پرنس فوٹو گرافی کے تعاون سے فیشن شو کا اہتمام کیا گیا جو پارک پلازہ واقع ڈیلس میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈیلس اور گرد و نواح سے مختلف وینڈز نے اپنی مصنوعات کے خصوصی اسٹالز قائم کئے تھے جن میں مرد و خواتین نے گہری دلچسپی لیتے ہوئے عید کی بھرپور خریداری کی جبکہ ڈیلس کی مقامی فیشن ڈیزائنروں کے تعاون سے دلہنوں اور فیشن شو بھی منعقد کیا گیا۔ ماڈلز نے اس موقع پر دلہنوں اور مغرب و مشرق کے امتزاج سے تیار کردہ خصوصی لباس زیب تن کر کے ریمپ پر واک کی۔ اس موقع پر عروسی ملبوسات اور خوبرو ماڈلز کے انداز دیکھنے کے لائق تھے کئی مواقع پر وہاں موجود حاضرین خوبرو ماڈلز کو ان لباسوں میں دیکھتے ہی رہ گئے اور اپنی پلکیں جھپکانا بھی بھول گئے۔ فیشن شو میں لال اور سبز رنگ شو میں چھایا رہا۔ شو کے آغاز کے موقع پر مقامی فنکاروں نے اپنے بھرپور فن کا مظاہرہ کیا جبکہ حاضرین میں قرعہ انداز کے ذریعے قیمتی انعامات بھی دئیے گئے۔ پروگرام کے منتظم اور پرنس فوٹو گرافی کے سی ای او نزار علی اور مونیکا شرما نے اس موقع پر شو کو کامیاب کرنے پر حاضرین سمیت شو میں حصہ لینے والے اور اس کا اہتمام کرنے میں تعاون کرنے والے رضاکاروں جن میں سلمیٰ این دیوراج‘ حرا ایم علی‘ ساؤنڈ اور میوزک کے اسد ڈیومو موتی والا‘ فرح مودی لا آفس اور سیما مہتا سمیت دیگر شامل تھے‘ سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر ماڈل کی تیاری کے مراحل ریشما کیانی‘ رشمی علی‘ پوجا نیگ پال نے بڑی عمدگی سے سرانجام دئیے۔ فیشن شو میں پاکستانی اور بھارتی دونوں ثقافتوں کا سنگم ایک ساتھ پیش کیا گیا۔ نئے نئے پہناؤں کی بہار نے اور مختلف پرفارمنسز نے آنے والے شائقین کا خوب دل بہلایا جبکہ فیشن میں جھلمل کرتے گل رنگ پہناوے اور غضب کی ماڈلز کی تمام رعنائیوں کے ساتھ یہ شو رات گئے تک جاری رہا۔ اس موقع پر فن ایشیا کے مالک جان حامد‘ شارق حامد‘ راجہ زاہد اختر خانزادہ‘ ریڈیو اینکر شبنم موڈ گل سمیت عمائدین شہر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ موجود تھے۔

مزید خبریں :