30 جون ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی لندن کا اجلاس سینئرڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے ارکان محمداشفاق، محمدانور، محترمہ نسرین جلیل،عامرخان ، واسع جلیل، مصطفیٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضانے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملک دشمن دہشت گردوں کے خلاف نبردآزما پاکستان کی مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کیلئے ایم کیوایم کے زیراہتمام اتوار6 جولائی کو کراچی میں ہونے والے اجتماع کے انتظامات کے سلسلے میں غوروخوص کیاگیا۔ اجلاس میں 6 جولائی کے اجتماع کے انتظامات کی مانیٹرنگ اوررابطہ کمیٹی پاکستان اورمختلف تنظیمی شعبہ جات سے مسلسل رابطوں اورتیاریوں کے فالواپ کیلئے رابطہ کمیٹی لندن اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ کے ارکان پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلا س میں طے کیاگیا کہ 6جولائی کے اجتماع میں شرکت کیلئے اوورسیز یونٹوں سے بھی رابطے کئے جائیں گے۔ اجلاس میںامیدظاہر کی گئی کہ مسلح افواج سے اظہاریکجہتی کے لئے کراچی میں ہونے والا اجتماع شانداراورتاریخی ہوگا اور عوام کی بہت بڑی تعداداس اجتماع میں شرکت کرکے ایک مرتبہ پھردنیاکودکھادیں گے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں۔ دریں اثنارابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انجینئر ناصر جمال نے پیرکو مزار قائد سے متصل جناح پارک کا دورہ کیا اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لئے ہونے والے جلسے کے سلسلے میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیا ۔ جلسہ گاہ میں موجود کارکنان اور ذمہ داران سے بات کرتے ہوئے رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر انجینئر ناصر جمال نے کہا کہ انشاء اللہ یہ جلسہ پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا ، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی سوچ نے پاکستان کی ترقی کے تمام راستے روک دیئے ہیں،دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن معرکہ میں قوممسلح افواج کے ساتھ ہے ، 6جولائی کا عظیم الشان جلسہ عام پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑااجتماع ہوگا اورپچھلے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا ،( انشاء اللہ )۔جلسہ گاہ کے دورے کے موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی کنور نوید جمیل ، توصیف خانزادہ خالد سلطان ، اسلم آفریدی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کے ذمہ داران و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ علاوہ ازیںایم کیو ایم شعبہ خواتین کی انچارج اور رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ واراکین کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت انتہائی نازک صورتحال سے دوچار ہے اور دہشت گردی کے شکنجے میں گھر ا ہوا ہے ایسے مشکل وقت میں ملک کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئے تمام مائیں ،بہنیں ،بیٹیاں مسلح افواج کے ساتھ ہیں او ر ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہیں ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا ملک کو بچانے کے لئے قوم کی مائیں ،بہنیں ،بیٹیا ں مسلح افواج کے ساتھ ہیں بلکہ وہ بھی ملک کی بقاء و سلامتی کی خاطر فوجی بھائیوں کے ساتھ دہشت گردوں کے مکمل خاتمہ کی اس جنگ میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔ شعبہ خواتین نے تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں او رسماجی تنظیموں سے بھی پر زور اپیل کی ہے کہ وہ اس نازک مرحلے میںمسلح افواج کا بھرپور ساتھ دیں او رایم کیوایم کے تحت پاک افواج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے اجتماع میں بھر پور شرکت کریں ۔