02 جولائی ، 2014
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہےکہ دہشت گردوں سے نمٹنے اورملک کو دہشت گردوں سے نجات دلانے کے لئے ایم کیوایم کے صرف نوجوان او ربزرگ ہی نہیں بلکہ خواتین کا رکنان بھی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں ۔انہوںنے یہ بات آج ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر ایم کیوایم شعبہ خواتین کی مرکزی کمیٹی ،دیگر شعبہ جات میں تنظیمی خدمات انجام دینے والی خواتین کارکنان او رخواتین ارکان اسمبلی سے گفتگو کر تے ہوئے کہی ۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کی جدوجہد میں خواتین نے جو کر دار ادا کیا ہے وہ ناقابل فرامو ش ہے ۔19فروری 2011ء کو کراچی کے جناح پارک میں ایم کیوایم کے زیر اہتمام منعقدہ ہونے والے خواتین کے جلسہ عام میں خواتین نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے اسے دنیا کی تاریخ کا خواتین کا سب بڑا جلسہ بنا کر ایک ایسی تاریخ رقم کی جس کی مثال ملنا مشکل ہے، ایم کیوایم 6جولائی کو مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لئے کراچی کے اسی جناح پارک میں اجتماع منعقد کر رہی ہے اورانشاء اللہ خواتین کارکنان اور مائیں بہنیں 6جولائی کے اس اجتماع میں بہت بڑی تعداد میںشرکت کرکے نہ صرف اس اجتماع کو تاریخی بنائیں گی بلکہ19، فروری کے اپنے تاریخی اجتماع کا ریکارڈ 6جولائی کو خود توڑ ڈالیں گی۔ الطاف حسین نے خواتین ذمہ دار ان کو ہدایت کی کہ وہ مختلف کمیٹیاں تشکیل دے کر تمام علاقوںمیں مائوں ،بہنوںکو پیغام دیں اور اس اجتماع کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور محنت کریں ، میں یہ چاہتا ہوں کہ ہم پاکستان کی مسلح افواج کو بتائیں کہ ملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے نہ صرف کراچی کے نوجوان اور بزرگ ان کے شانہ بشانہ ہیں بلکہ مائیں بہنیں بھی پاکستان کو بچانے اور اسے دہشت گردوں سے نجات دلا نے کے لئے مسلح افواج کے ساتھ ہیں اور ملک و قوم کو جب بھی ضرورت پڑی وہ اپنی خدمات پیش کرنے کے لئے تیارہوں گی ۔اس موقع پر شعبہ خواتین کی ذمہ داران نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ مائیں بہنیں آپ کو مایوس نہیں کریں گی اور 6جولائی کے اجتماع کو کامیاب او ر تاریخی بنانے کے لئے بھر پور محنت کریں گی اور اجتما ع کو تو قع سے بڑھ کر کامیاب بنائیں گی ۔