پاکستان
04 جولائی ، 2014

دہشت گردوں کے آگے سرینڈرنہیں کریں گے، الطاف حسین

 دہشت گردوں کے آگے سرینڈرنہیں کریں گے، الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور پاکستان سے سچی محبت کرنے والے محب وطن عوام ، سفاک دہشت گردوں اور ان کی دہشت گردیوں کے آگے کسی بھی قیمت پر سرینڈرنہیں کریں گے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم کراچی سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں بم دھماکے کرنے اوربے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں کوبتادینا چاہتے ہیں کہ ان کے یہ بزدلانہ حملے ،مسلح افواج اور عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے اور نہ ہی انہیںدہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد سے باز رکھ سکتے ہیں ۔ مسلح افواج اور محب وطن عوام اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک پاک سرزمین سے ایک ایک دہشت گرد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا۔ جناب الطاف حسین نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں چوکس رہیں ، وہ اپنے گھر، محلہ ، بازار یا ملازمت کسی بھی جگہ ہوں ہرجگہ آنے جانے والے افراد پر کڑی نظر رکھیں اورکسی بھی مشکوک افراد یا اشیاء کے بارے میں مقامی انتظامیہ کو فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے حکومت سندھ ، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ذمہ داران سے پرزوراپیل کی کہ بے گناہ شہریوں کی جان ومال سے کھیلنے والے دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتارکرکے کیفرکردارتک پہنچایا جائے اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔ جناب الطاف حسین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران واہلکاروں کو سلام عقیدت پیش کیااوردہشت گردی کے خلاف نبردآزما افسران واہلکاروں کو ان کی ہمت وجرات پر سلام تحسین پیش کیا۔ جناب الطاف حسین نے کراچی میں دہشت گردی کانشانہ بننے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیا اور بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔دریں اثنا قائد تحریک الطاف حسین اور ارکین رابطہ کمیٹی نےرکن رابطہ کمیٹی نثار احمد پہنور کے بھائی نذر احمد پہنور کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،اور کہا کہ ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن آپ کے غم میں برابر کا شریک ہے ۔ الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔(آمین)۔

مزید خبریں :