06 جولائی ، 2014
کراچی .......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مسلح افواج سے یک جہتی کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کے دوران سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے معاملہ پر قانون کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں ۔ آرٹیکل 6 کو اس کی شق اے ، بی اور سی کے ساتھ دیکھا جاناچاہیے۔ اگر کوئی پرویز مشرف کو پھانسی دینا چاہتا ہے تو ضروردے لیکن یہ بھی خیال رکھا جائے کہ اس وقت پرویز مشرف جہاز میں تھے ،زمین پر جنہوں نے وزیراعظم کو گرفتارکیااور اقتدار پرقبضہ کیاوہ سب کے سب اس جرم میں مدد اورمعاونت کے مرتکب ہیں ۔ اگر پرویز مشرف پر مقدمہ چلانا ہے تو پھر ان کے برابر گھر میں سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی کو بھی نظربند کردیں اسی طرح آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے جرم میں مدد اورمعاونت کرنے والے دیگر کیلئے بھی مکانات تلاش کرکے ایک بستی قائم کرلی جائے ،اب ملک میں یہ دھاندلی نہیں چلے گی ، موجودہ چیف آف آرمی اسٹاف ، فوجی جرنیل ، افسران اور جوان یہ سب بہادروں کی ٹیم ہے ، انہوں نے اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کررکھا ہے جس پر میں پوری پاک فوج کو سلام تحسین پیش کرتا ہوں۔الطا ف حسین نے فرقہ واریت کاذکرکرتے ہوئے کہاکہ عوام کے درمیان فرقہ وارانہ منافرت اورشیعہ سنی جھگڑوں کے خاتمہ کیلئے میں نے35سال صرف کئے اورگلی گلی جاکران جھگڑوں کوختم کرایا، آج پھرشیعہ سنی منافرت پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے عوام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آج آپ لوگوںکوہاتھ اٹھاکریہ عہد کرناہوگاکہ آپ کے ہاتھ سے کسی کونقصان نہیں پہنچے گا،آپ شیعہ ہوں ہویاسنی، آپ ایک دوسرے کے دشمن نہیں بلکہ محافظ بنیں گے۔ الطاف حسین نے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے باعث وہاں سے نقل مکانی کرنے والوں سے دلی ہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے معصوم لوگ طالبان کے یرغمال بنے ہوئے تھے اورآج انہی کی وجہ سے نقل مکانی پر مجبور ہیں، پاکستان کے تمام عوام کو چاہیے کہ وہ ان آئی ڈی پیز کیلئے دل کھول کرعطیات دیں، ایم کیوایم آئی ڈی پیز کی امدادکیلئے کوشاں ہے، اب تک کئی ٹرک امدادی سامان جمع کرکے فوج کے حوالے کیاجاچکاہے اورمزیدعطیات بھی جمع کئے جارہے ہیں ۔انھوں نے اجتماع کے موقع پربھرپورتعاون کرنے پر گورنر سندھ ، حکومت سندھ ،پولیس ،رینجرزاورلاء انفورسمنٹ ایجنسیز کاخصوصی شکریہ اداکیا۔ انہوں نے اجتماع کے شاندار انتظامات کرنے پر تمام یونٹوں، سیکٹروں، زونوںاورتمام تنظیمی شعبہ جات کے کارکنوں اورذمہ داروںکوزبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوںنے اجتماع میں شرکت کیلئے بیرون ملک سے آنے والوں کوبھی خراج تحسین پیش کیا۔ الطاف حسین نے اجتماع میںشرکت کرنے پر مسلم لیگ ن کے سینئررہنما الٰہی بخش سومرو، بزرگ رہنمامعراج محمدخان، شیخ رشیداحمد، احمدرضا قصوری ، دیگر سیاسی رہنماؤں، سینئر صحافیوں، اقلیتی رہنماؤںاوردیگرتمام افرادکاشکریہ اداکیا۔