07 جولائی ، 2014
کراچی .......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے رکن قمرمنصور کو غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کردیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق جناح پارک کی یکجہتی ریلی کے فوری بعد رابطہ کمیٹی کے ارکان کا ہنگامی اجلاس سینئرڈپٹی کنوینر ندیم نصرت کی سربراہی میں منعقد ہوا جس میں جناح پارک میں ہونے والے جلسہ میں صحافیوں کی تنظیم پی ایف یو جے کے وفد کے ساتھ ایم کیوایم کے ایک ذمہ دار کی جانب سے نامناسب اور غیرذمہ دارانہ رویہ اختیارکرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طورپر اس واقعہ پرایم کیوایم شعبہ اطلاعات کے رکن اور تنظیم کے سینئر ترین رکن قمرمنصور کو غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔قائد تحریک الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے ۔دریں اثناء اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی الطاف حسین نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا عظیم، سیکریٹری امین یوسف اورممبران نادرہ مشتاق، طاہرنجمی اورمشتاق سرکی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اوران سے فرداً فرداً بات کرکے شعبہ اطلاعات کے رکن کے نازیبا رویہ پر اپنی اور ایم کیوایم کی جانب سے دلی افسوس کااظہار کیا اور ان سے معذرت کی ۔