13 اپریل ، 2012
کراچی … متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے موچکو سے اسلحہ کی برآمدگی پر تشویش ہے، صدر، وزیر اعظم اور متعلقہ حکام موچکو سے اسلحہ کی برآمدگی کا نوٹس لیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وسیم آفتاب کا کہنا تھا کہ قوم کو آگاہ کیا جائے کہ موچکو میں برآمد کیا گیا اسلحہ کس کی ملکیت ہے اور کس کی ہدایت پرکراچی لایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ موچکوسے برآمد ہونے والا اسلحہ کراچی کا امن تباہ کرنے کی سازش کی ایک کڑی ہے، دہشت گردی کی سازش ناکام بنانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایک سوال پر وسیم آفتاب نے کہا کہ مہاجر صوبے کی مذمت کرتے ہیں، حکومت سندھ مہاجر صوبے کا مطالبہ کرنے والوں سے مذاکرات کرے ورنہ ان کے احساس محرومی میں اضافہ ہوگا۔