07 جولائی ، 2014
لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے جسٹس ناصر الملک کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ایک بیان میںانھوں نے امید ظاہر کی جسٹس ناصرالملک انصاف کی فراہمی اور عدلیہ کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اپنا بھر پور کر دار ادا کریں گے اورماضی کے ججز کی طرح خودکومتنازعہ نہیں بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس ناصر الملک زندگی کے ہر معاملے میں انصاف سے کا م لیں گے تو مظلوم عوا م کی داد رسی ہوگی او ر انصاف کا بول بالا ہوگا ۔دریں اثنا الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم نے رمضان المبارک کے مہینے میں مختصروقت میں تاریخی اور شاندار جلسہ منعقد کرکے پاکستان کی سیاست میں نئی تاریخ رقم کی ہے جس پر تمام کارکنان زبردست شاباش اورخراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے یہ بات نائن زیروپرمختلف شعبہ جات اور ارکان اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ بعض لوگوں کاخیال تھاکہ رمضان المبارک میں جلسہ کرنابہت مشکل بلکہ ناممکن ہوگالیکن جانثارکارکنوں نے دن رات محنت وجانفشانی سے کام کرکے اس ناممکن کوممکن کردکھایاجس پرمیںایم کیو ایم کے تمام یونٹوں، سیکٹروںزونوں،رابطہ کمیٹی، کراچی تنظیمی کمیٹی،سندھ تنظیمی کمیٹی،تمام تنظیمی شعبوں کے ذمہ داروں،جلسہ کے انتظامات کیلئے بنائی گئی تمام کمیٹیوں کے ارکان، خواتین ،بزرگوںاور ایک ایک کارکن کو دل کی گہرائی سے سلام تحسین پیش کرتاہوں ۔ انہوں نے اتنے بڑے جلسہ میں حاظرین کیلئے افطار کے بہترین اورمثالی انتظامات کرنے پر انتظامی کمیٹیوں کے ارکان کو زبردست خراج تحسین اور شاباش پیش کی ۔ الطا ف حسین نے کہاکہ ہم پاکستان کے محروم ومظلوم عوام کے حقوق کے حصول اورانصاف کانظام قائم کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں ، اللہ تعالیٰ ہمیں اس جدوجہدمیں کامیاب کرے ۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ویب ٹی وی، سائبر ڈپارٹمنٹ، وڈیوکمیٹی، فوٹوگرافک کمیٹی، نیوزکمیٹی ،سوشل میڈیا اورشعبہ اطلاعات کی تمام ذیلی کمیٹیوں کے ارکان سے گفتگو کرکے انہیں بھی جلسہ عام کے سلسلے میں ان کی شاندار خدمات پرانہیں فرداًفرداً شاباش اورخراج تحسین پیش کیا۔علاوہ ازیں رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیوایم سے وابستہ اٹلی چیپٹر سے تعلق رکھنے والے خالد گوندل کو یورپ میں سمندر پار پاکستانیوں کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن الائنس فورم اٹلی کا صدر مقرر ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔