پاکستان
07 جولائی ، 2014

جلسہ اظہار یکجہتی کی کامیابی پر مختلف طبقہ فکر کی متحدہ کو مبارکباد

کراچی......سیاسی ، سماجی ، مذہبی ، صنعتکار و تاجر شخصیات سمیت پاکستان اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقہ فکر کے افراد نے متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام پاکستان کی مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے جلسہ کی تاریخ ساز کامیابی کو پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی فتح قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جلسہ سے الطاف حسین کا خطاب ملک بھر کے غریب ، مظلوم اور محروم عوام کیلئے امید کی واحد کرن ہے ۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیر و اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے جلسہ کی تاریخ ساز کامیابی پر ٹیلی فون ، فیکس ، ای میل ، فیس بک ، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا پر مبارکباد کے پیغامات بہت بڑی تعداد میں موصول ہوئے ۔ اپنے پیغامات میں انہوں نے کہاکہ الطاف حسین کی قائدانہ شخصیت کو ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ ، وڈیرانہ اور سردارانہ نظام کے حواریوں نے ہمیشہ متاثر کیا اور طرح طرح کے الزامات لگائے لیکن آج ملک کی نازک ترین صورتحال میں الطاف حسین ہی واحد لیڈر ہیں جو سب سے پہلے اور بڑھ چڑھ کر مسلح افواج کا دست و بازو بنے اورانہوں نے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا یکجہتی کا مظاہرہ کرکے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو قوت اور توانائی فراہم کرکے ان کے حوصلوں کو بلند کردیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا یکجہتی مظاہرہ کرکے دہشت گردوں پر واضح کردیا ہے کہ وہ مسلح افواج کو تنہا نہ سمجھیں اور مسلح افواج کے ساتھ قوم کا ایک ایک فرد موجود ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلح افواج سے ایم کیوایم کے اظہار یکجہتی جلسہ نے تمام جلسوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور ایسا تاریخی اور منفرد سیاسی جلسہ جس میں ملک کی سیاسی جماعتوں کی نمائندگی بھی موجود ہو اس اتحاد کا مظہر ہے جس کے ذریعے ملک میں غریب و متوسط طبقے کا انقلاب آئے گا اور ملک دہشت گردی کے عفریت سے ہمیشہ کیلئے پاک ہوجائے گا ۔دریں اثناایم کیوایم کینیڈاکے سینٹرل آرگنائزر آصف قاضی ، جوائنٹ آرگنائزر مسعود حسن اوردیگرنے جناح پارک کراچی میں مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقد کئے جانے والے جلسہ کی فقیدالمثال کامیابی پر الطاف حسین، تمام کارکنان اور محب وطن پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔






مزید خبریں :