13 اپریل ، 2012
پشاور … خیبرپختونخواکے سینئر وزیر رحیم داد خان نے کہاہے کہ بجلی بحران کے پیش نظر سرکاری دفاتر صبح 8بجے کے بجائے 7 بجے کھولنے کی تجویز زیر غور ہے۔ پشاورمیں تاجروں اور انتظامیہ کے مشترکا اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ تاجروں نے دکانیں رات 8 بجے کے بجائے 9 اور شادی ہال 10 بجے کے بجائے 11 بجے رات کو بندکرنے کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ بجلی کا استعمال کم کرنے کیلئے سرکاری دفاترصبح 7 بجے کھولنے اور اسی طرح ایک گھنٹہ قبل بندکرنے کا فیصلہ زیرغور ہے۔ ان کا کہنا تھا سرکاری دفاتر میں ایئرکنڈیشنز کا استعمال محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی 2 چھٹیوں کے فیصلے پر عملدرآمد کیا جائیگا کیونکہ اس میں قومی مفاد ہے۔ ان کا کہناتھا کہ بجلی صارفین کو 2 انرجی سیور استعمال کرنے کیلئے عنقریب مہم شروع کی جائیگی تاہم صوبے میں شیڈول سے ہٹ کر بجلی لوڈ شیڈنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔