13 اپریل ، 2012
شیخوپورہ … شیخوپورہ کے رہائشی عبدالمنان نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈسڑکٹ اسپتال انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے اس کی سوا ماہ کی بچی دم توڑگئی ہے، دکھی باپ کا کہنا تھا کہ شادی کے 10 سال بعد ان کی بیٹی یشفع پیدا ہوئی تھی۔عبدالمنان نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ اس نے دو ہفتے قبل اپنی سوا ماہ کی بیٹی کو ڈائریا کی شکایت پر شیخوپورہ ڈسڑکٹ اسپتال داخل کرایا۔ بلڈ بینک عملے نے اسکریننگ کرائے بغیر خون لگا دیا جس سے اس کے جسم پر سوجن ہوگئی۔ اسپتال کے ڈاکٹر اسرار الحق کو نجی کلینک میں دکھایا تو اس نے دوائیاں لکھ کر دوبارہ اسپتال بھجوا دیا ۔ حالت مزید بگڑنے پر چلڈرن اسپتال لاہور جانے کا کہا گیا،جہاں پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد یشفع دم توڑ گئی۔ ڈاکٹر اسرار الحق کا کہنا ہے کہ بچی کی موت خون کا ری ایکشن ہونے پر ہوئی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال شیخوپورہ کے ایم ایس نے یشفع کی موت کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، بچی کے والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ڈاکٹروں اور بلڈ بینک عملے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔