09 جولائی ، 2014
کراچی..........وزیر بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے سیکرٹری بلدیات اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی کو ہدایات دی ہیں کہ رمضان المبارک کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کی مہم کو تیز کیا جائے بالخصوص مساجد اور امام بارگاہوں کے اطراف صفائی کو یقینی بنایا جائے۔کراچی سے جاری بیان میں وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ جلد ہی کراچی میں اچانک دورے شروع کئے جائیں گے اور جن جن علاقوں میں صفائی کا فقدان نظر آیا وہاں کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی، شہر کے تمام کوڑے دانوں سے روزانہ کی بنیاد پر کچرے کو ٹھکانے لگانے کے لئے متعلقہ انتظامیہ اپنا کردار ادا کرے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ فیول اور گاڑیوں کی کمی کو جواز بنا کر شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں رکاوٹ ڈالنے والے افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔