پاکستان
16 جولائی ، 2014

آپریشن ساتوں ایجنسیوں،لاہوراورکراچی میں بھی ہوگا،عبدالقادر بلوچ

آپریشن ساتوں ایجنسیوں،لاہوراورکراچی میں بھی ہوگا،عبدالقادر بلوچ

لاہور........وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہاہے کہ آپریشن صرف شمالی وزیرستان میں نہیں، ساتوں ایجنسیوں، لاہور اور کراچی میں بھی ہوگا، فوجی آپریشن اچانک ہونا بہت ضروری ہوتا ہے، اگر شمالی وزیرستان سے لوگوں کو پہلے ہی نکالنے لگتے تو سب کو پتا چل جاتا۔وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ ایوان تجارت لاہور میں آئی ڈی پیز کے حوالے سے پروگرام میں شرکت کےبعد میڈیا سے گفتگوکررہے تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارے آئی ڈی پیز نے جون اور جولائی کے مہینے میں قربانی دی ہے، دہشت گردی کا ٹارگٹ ہر آدمی ہوتا ہے، بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالنے کی کوشش کی تھی، فوج آپریشن میں سیکریسی اور سرپرائز بہت ضروری چیز ہوتی ہے، اگر ہم پہلے وہاں سے لوگوں کو نکالنے لگتے تو سب کو پتہ چل جاتا۔ عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کیلئے پنکھوں، واٹر کولرز، کپڑوں اور ٹینٹوں کی ضرورت ہے، 15 لاکھ آئی ڈی پیز پہلے ہی ان دہشت گردوں کی وجہ سے نکلے ہوئے ہیں، انشاء اللہ یہ قوم اس چیلنج کو فیس کر سکے گی۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں بھی ایسی ہی ترقی کی ضرورت ہے جیسی پورے ملک میں ہے، نائن الیون میں کوئی شخص پاکستانی نہیں تھا، سب عرب تھے، ہمیں طالبان کی ضرورت نہیں تھی، اُنہیں طالبان کی ضرورت تھی، مجھے یقین ہے کہ مصیبت زدہ بھائیوں کی تکالیف کو کم کرنے کیلئے لیڈ رول لاہور ادا کرے گا۔

مزید خبریں :