17 جولائی ، 2014
لاہور......حکومت نےعیدالفطرکےموقع پر4سرکاری چھٹیوں کا اعلان کیا،مگر سرکاری ملازمین نےایک چھٹی لےکر9دن تک عیدالفطرکی چھٹیاں انجوائےکرنے کی منصوبہ بندی کرلی،اس طرح لاہور سمیت بڑے شہر 9دن تک پردیسیوں سے خالی رہیں گے۔وفاقی اورصوبائی حکومتوں نےعیدالفطرکےموقع پرمنگل29جولائی سےجمعہ یکم اگست تک سرکاری چھٹیوں کااعلان کیا،اعلان ہوتے ہی سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور یارلوگوں نے9دن تک عیدالفطر کی چھٹیاں منانےکی منصوبہ بندی کر لی،وہ اس طرح کہ سرکاری ملازمین نےپیر28جولائی کی چھٹی کی درخواستیں اپنے دفاتر میں جمع کرانا شروع کر دیں،اس طرح جمعہ25جولائی کو دفاتر میں چھٹی کےبعد یہ سرکاری ملازمین اپنے آبائی علاقوں کو روانہ ہو جائیں گےاور4اگست بروز پیر کو دوبارہ دفاتر میں حاضر ہوں گے۔لیکن ضلعی محکموں کےایسے ملازمین جنہیں ہفتہ وار ایک چھٹی ملتی ہے،وہ 9دن کی چھٹیوں سےمحروم رہیں گے۔