پاکستان
17 جولائی ، 2014

بنوں میں شمالی وزیرستان کے متاثرین کو امداد کی فراہمی جاری

بنوں میں شمالی وزیرستان کے متاثرین کو امداد کی فراہمی جاری

بنوں .......بنوں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے شمالی وزیرستان کے متاثرین کو امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ متاثرین کے پاس موجود نان کسٹم پیڈ گاڑیاں بھی عارضی طور پر رجسٹرڈ کی جارہی ہیں۔ دوسرے روز بھی بنوں میں وقفے وقفے سے بارش سے موسم خوشگوار ہے۔بنوں میں دوسرے روز بھی کہیں ہلکی اور کہیں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے موسم خوشگوارہو گیا۔ بارش سے متاثرین شمالی وزیرستان اور مقامی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ باران رحمت کیلئے مساجد اور مدراس میں ختم قرآن اور دعائیں کی گئی تھیں جو آخر کاررنگ لے آئیں۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے متاثرین اور یہاں کے عوام کی جان میں جان ڈال دی ہے۔ نادرا اور ضلعی حکام کے مطابق شمالی وزیرستان سےنقل مکانی کرکےبنوں آنے والےرجسٹرڈ خاندانوں کی تعداد 91 ہزار 97 ہوگئی۔ متاثرین میں خواتین اور بچوں سمیت 9لاکھ 94ہزار 504 افراد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے۔ حکومت، پاک فوج، ملکی اور غیرملکی تنظیموں کی جانب سے متاثرین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ متاثرین کی امداد کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے 52ٹرک راشن لے کر بنوں پہنچ گئے ہیں۔ بحریہ ٹاؤن کی طرف سے بھی روزانہ کی بنیاد پر متاثرین کیلئے دسترخوان کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب متاثرین شمالی وزیرستان کے پاس موجود ہزاروں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو عارضی طور پر رجسٹرڈ کیا جارہا ہے۔ ضلع میں تمام تھانوں کی حدود میں مقیم متاثرین کو پولیس کے ذریعے مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے پاس اپنی گاڑیوں کی عارضی رجسٹریشن کرائیں۔ تین دنوں میں اب تک سیکڑوں گاڑیاں رجسٹرڈ کی جاچکی ہیں۔

مزید خبریں :