پاکستان
18 جولائی ، 2014

بنوں آنے والے متاثرین ِشمالی وزیرستان کی رجسٹریشن مکمل

بنوں آنے والے متاثرین ِشمالی وزیرستان کی رجسٹریشن مکمل

بنوں.........شمالی وزیرستان سے بنوں آنے والے متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور رجسٹریشن پوائنٹس بند کردیے گئے ہیں ۔بنوں میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ نادرا اور کمشنر ہاؤس بنوں سے حاصل کردہ اعدادو شمار کے مطابق شمالی وزیرستان سے 91ہزار 133خاندان نقل مکانی کرکے بنوں آئے ہیں۔ متاثرین میں خواتین اور بچوں سمیت 9لاکھ 94 ہزار574 افراد شامل ہیں۔ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد نادرا نے رجسٹریشن پوائنٹس بند کردیے ہیں۔ بنوں کے اسپورٹس کمپلیکس میں متاثرین میں راشن تقسیم کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کےرہنے والوں نے اپنے گھروں کے دروازے متاثرین کے لئے کھول دیئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے لا اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا کہ یہ لوگ محب وطن پاکستانی ہیںاور پاکستان کی بقا کے لئے اپنے گھر چھوڑ کر بے گھر ہوئے ہیں۔ خورشید شاہ نے مزید کہا کہ ان کی جماعت متاثرین کیلئے پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے اقدامات بھی کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :