30 جولائی ، 2014
جدہ......وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان جمہوریت سے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔لانگ مارچ کرنے والوں کا ایجنڈہ کیا ہے،وہ کیا چاہتے ہیں؟ کھل کر بتاتے بھی نہیں،ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے معاشی اصلاحات پرکام کررہے ہیں۔ جدہ سے پاکستان روانگی کے موقع پر جیو نیوز سےگفتگو کرتے ہوئے اور ن لیگ سعودی عرب کے وفد سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں عام آدمی نے بھی جمہوریت کے حق میں ووٹ دیا ہے،انتخابات کے بعد عمران خان نے کہا تھا تحفظات کے باجود نتائج تسلیم کررہے ہیں،اب ایک سال مکمل ہونے کے بعد انتخابات پرعمران خان سوال اٹھارہے ہیں۔بلوچستان کے بارے میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مسائل میں کمی آئی ہے اور حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے وفد سے ملاقات میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل اورشمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کے معاملات پربات چیت بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنے بے گھربہن بھائیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ امداد بھجوائیں۔