05 اگست ، 2014
اسلام آباد........جنت البقیع اور جنت المعلیٰ میں مدفون حضرت سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا ،امہات المومنینؓ اور صحابہ کبار ؓ کے مزاراتِ مقدسہ کی 8شوال 1924ء میں مسماری کے خلاف قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق منگل کو عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان میں مذہبی و قومی جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔اس موقع پر تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں احتجاجی جلسے ، مجالس عزا ہوئیں اور پرُامن احتجاجی ماتمی جلوس برآمد ہوئے ۔راولپنڈی میں جلوس مری روڈسے نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اورمزارات کی مسماری اور بیگناہ فلسطینیوں کے اسرائیلی درندوں کے ہاتھوں قتل عام کیخلاف زبردست احتجاج کیا ۔جلوس کی قیادت مختلف مکاتب ِفکر کے علمائے کرام ،ٹی این ایف جے کے مرکزی اور ذیلی شعبہ جات کے عہدیداران،صوبائی ،ریجنل اور ضلعی عمائدین کے علاوہ مذہبی تنظیموں کے رہنما و ماتمی سالار کر رہے تھے ۔ٹی این ایف جے کے مرکزی ترجمان سید قمر حیدرزیدی نے قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کا خصوصی پیغام پیش کیا جس میں انہوں نے انبیاء اور اولیاء اللہ کی عزت و حرمت دین و شریعت کی تعظیم کرنے کے مترادف قراردیتے ہوئے اس امر پر اظہار افسوس کیا آج خاتم الانبیاء کی ازواج ،پاکیزہ اصحاب اہل بیت اطہار اور پیاری بیٹی خاتون جنت حضرت فاطمہ زہرا ؑ کے روضے مسمار کردیئے گئے ہیں جس پر ہر باضمیر مسلمان نوحہ کناں ہیں ۔ اسلام آباد میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کااحتجاجی ماتمی جلوس امامبارگاہ دربار سخی محمود بادشاہ ؒ سے برآمد ہواجس کی قیادت مختلف مکاتب کے علمائے کرام اور مذہبی عمائدین کررہے تھے۔لاہور میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ سٹی یونٹ کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی ہوئی جس کی قیادت ٹی این ایف جے ضلع لاہورکے رہنمائو ں نے کی ۔کراچی میں ٹی این ایف جے ڈویژنل کونسل کے زیراہتمام کراچی پریس کلب کے سامنے عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی ماتمی مظاہرہ کیا گیا۔کوئٹہ میں عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے سلسلے میں امامبارگاہ ولی العصر ؑ ہزارہ ٹائون سے ماتمی احتجاجی جلوس برآمد ہوا جس کی قیادت علماء کے علاوہ ٹی این ایف جے کے صوبائی و ضلعی قائدین کررہے تھے ۔مظفر آباد،حیدرآباد،سکھر،گلگت بلتستان ،باغ،گجرات،ڈیرہ غازیخان،بھکر،ملتان،پریس کلب فتح جنگ ‘خیرپورمیرس،پریس کلب سکھر ،شہدادپور،میرپورخاص،کاکول،نوشہرہ،لالہ موسیٰ،کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی عالمگیر یوم انہدام جنت البقیع کے موقع پر احتجاجی ماتمی جلوس برآمد ہوئے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔