08 اگست ، 2014
لندن.....متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے معروف ماہرتعلیم میڈم انیتا غلام علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ پروفیسرانیتا غلام علی ایک مشفق استاد ،انسان دوست شخصیت اورہرایک کے دکھ درد میں کام آنے والی خاتون تھیں۔تعلیم کے فروغ ،طلباء کے حقوق، انسانی حقوق کی جدوجہد اور جمہوریت کے استحکام کیلئے مرحومہ کی خدمات کو فراموش نہیں کیاجاسکتا،وہ اپنی ذات میں ایک ادارہ تھیں،ان کے انتقال سے ملک ایک انتہائی اعلیٰ یونیورسٹی سے محروم ہوگیاہے اوران کے انتقال سے تعلیم کے شعبہ میں پیداہونے والے خلاء کو پُر کرنے میں شاید برسوں لگیں۔ الطاف حسین نے مرحومہ کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے ۔(آمین)۔دریں اثناایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے ماہر تعلیم ،پروفیسر انیتا غلام علی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے شعبہ تعلیم سے وابستہ افراد اور مرحومہ کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ پروفیسر انیتا غلا م علی کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے ۔