پاکستان
20 اگست ، 2014

جمہوریت اور نظام کا ہر ممکن دفاع کیا جائیگا،ارکان قومی اسمبلی

جمہوریت اور نظام کا ہر ممکن دفاع کیا جائیگا،ارکان قومی اسمبلی

اسلام آباد.....قومی اسمبلی کے ارکان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جمہوریت اور نظام کا ہر ممکن دفاع کیا جائے گااور وزیر اعظم کسی کی بھی مطالبہ پر استعفیٰ نہیں دیں گے۔ دھرنوں کے شرکا کے پارلیمنٹ کے باہر ہونے کے باوجود وزیر اعظم نے بھی آج کے اجلاس میں شرکت کی ۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں رولز معطل کرکے موجودہ سیاسی صورت حال پر بحث کی گئی ، اجلاس میں وزیر اعظم نواز شریف نے بھی شرکت کی۔ ارکان نے طاہر قادری اور عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کچھ لوگ آئین،پارلیمنٹ،جمہوریت کو بائی پاس کرکےطاقت میں آناچاہتےہیں، اگر ہم نے دھرنا دے دیا تو ان کی دھرنی غائب ہوجائے گی،قادری آئین کو نہیں مانتے،ان کے پیچھے نادیدہ قوتیں ہیں،جن کیساتھ غیرملکی طاقت اورفنڈنگ ہےوہ سڑکوں پردندناتے پھررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انقلاب لانےوالےنےنظام لپیٹنے کی کوشش کی توہم نظام نہیں چلنےدیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا کہ معاملہ مذاکرات سے ہی حل ہوگا،وقت نہیں گزرا، ابھی بھی بات چیت ہوسکتی ہے۔پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا کہ آزادی کا مطلب یہ نہیں کہ آئین اور پارلیمنٹ کو بے عزت کیا جائے، کسی کو آئین اورپارلیمنٹ کی توہین نہیں کرنے دیں گے۔ایم کیو ایم کے رہنما رشید گوڈیل نے کہا عوام کو ہیجان میں مبتلا کردیا گیا ہے،نئے پاکستان کے نام پر صرف ناچ گانا ہورہا ہے۔

مزید خبریں :