پاکستان
20 اگست ، 2014

ایم کیو ایم امریکہ کے 18ویںکنونشن کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

ایم کیو ایم امریکہ کے 18ویںکنونشن کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

شکاگو......متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کے اٹھارویں سالانہ کنونشن کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو گئی ہیں اور اسکے ساتھ ساتھ کنونشن میں شرکت کیلئے امریکہ بھر کی دور دراز ریاستوں کے مختلف شہروں سے کارکنان اور ذمہ داران کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ امریکہ کا سالانہ کنونشن 22تا 24اگست واشنگٹن میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال، عالمی تناظر میںپاکستان کو درپیش خطرات، مسائل اور انکا حل اور ایم کیو ایم کے تنظیمی امور بشمول کارکنان کے تنظیمی امتحان پر مختلف سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا۔ کنونشن سے قائد تحریک الطاف حسین بھی خطاب کریں گے۔ کنونشن کی کامیابی کیلئے کارکنان دن رات کام میں مصروف ہیںجبکہ کنونشن میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین، حق پرست نمائندگان، امریکہ بھر سے کارکنان سمیتپاکستانیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ دریں اثنا سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلا س میں ایم کیوایم امریکہ کے سینٹرل آرگنائزر جنید فہمی نے کنونشن کی تیاریوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیااور کارکنان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جنید فہمی نے کہا کہ ایم کیو ایم کا کنونشن ظلم و جبر، غربت ،پسماندگی، محرومی اور نا انصافی کا شکار پاکستانی عوام کیلئے دعوتِ فکر ہے کہ اگر وہ پاکستان کو لاحق ان امراض کا علاج مستقل چاہتی ہے تو اسے سب سے پہلے صحیح مسیحا کا انتخاب کرنا ہوگا۔ اس وقت پاکستان شدید سیاسی بے چینی کا شکار ہے، آزادی کے تقاضوں اور ثمرات سے آج 67برس بعد بھی پاکستانی قوم نہ صرف محروم بلکہ آشناء بھی نہیں ہے ۔ پاکستان کو جہاں طالبان اور غیر ملکی عسکریت پسندوں کی انتہا پسندی اور دہشت گردی کا سامنا ہے وہیں ملک پر قابض وڈیرے جاگیردار اور سرمایہ دار دونوں ہاتھوں سے قومی دولت کی لوٹ کھسوٹ میں مصروف ہیں،قائد تحریک الطاف حسین میدان عمل میں آگئے ہیں جنھوں نے پاکستان کی کمزور ریاست کے انتشار اور تنزلی کے ذمہ دار عناصر کا نہ صرف تعین کردیا ہے بلکہ ان سے مقابلہ کرنے کے لیے ریاست کے ہاتھ مضبوط کرنے کا واشگاف الفاظ میں اعلان بھی کیا ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بھی رائٹ پاکستانی کی حیثیت سے اپنا رائٹ فیصلہ کرکے ’’ الطاف حسین ۔دی رائٹ مین‘‘ کی مکمل اور غیر مشروط حمایت کرکے اسلامی اُمہ کے قلعہ پاکستان کو تباہی سے بچائیں۔

مزید خبریں :