06 ستمبر ، 2014
گلگت بلتستان......پنجاب کے مختلف شہروں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہونےوالی تیز بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔ بدھ سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں10 افراد جاں بحق ہوگئے۔جس کے بعد حالیہ بارشوں میں ہلاکتوں کی تعداد110 ہوگئی ہے۔ آزاد کشمیر اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں چوتھے روز بھی طوفانی بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کرکے رکھ دیا۔ مظفر آباد میں ضلع حویلی میں خورشید آباد کیمری کے مقام پر تین مکانات لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے ، جبکہ واقعہ میں 4 خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق اور 3افراد زخمی ہوگئے۔ گوجرانوالہ میں گورالی والا میں سیلابی ریلے کے باعث 15سے زائد کچے مکانوں کو نقصان پہنچا ہے اور 2بچے جاں بحق ہوگئے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حافظ آباد میں دریائے چناب میں ایک شخص سیلابی ریلہ میں بہہ گیا جس کی تلاش جاری ہے۔نارووال میں نواحی گاوں جاجن والی میں مکان کی چھت گرنےسے ایک بچی جاں بحق اور 2افراد زخمی ہوگئے ادھر سیالکوٹ کے نواحی علاقے میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی ۔