06 ستمبر ، 2014
نیویارک...... یوایس اوپن ٹینس ویمنز ایونٹ کا فائنل اتوار کو امریکہ کی سیرینا ولیمز اور ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی کے درمیان کھیلا جائے گا۔ آرتھر ایش اسٹیڈیم نیویارک میں جاری ٹینس ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں امریکہ کی سیرینا ولیمز کا میچ روس کی کیترینا میکرووا سےتھا۔ تجربہ کار سیرینا کے آگے رشین پلئیر جم کر نہ کھیل سکیں ، سیرینا نے یہ میچ اسٹریٹ سیٹ میں جیتا ،ان کا اسکور چھ ایک اور چھ تین رہا۔ سیرینا اب تک سال کے گزشتہ تینوں گرینڈ سلیم کے کوارٹر فائنل میں بھی جگہ نہیں بنا پائیں تھی ،امید کررہی ہیں کہ وہ یو ایس اوپن کا ٹائٹل چھٹی بار حاصل کرلیں گی۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اتوا ر کو ہونے والے فائنل کے لئے کافی پرجوش ہیں۔ ایک اور سیمی فائنل ڈنمارک کی کیرولین وزنیاکی اور چین کی پینگ شوائی کے درمیان کھیلا گیا، پہلے دوسیٹ میں وزنیاکی لیڈ کررہی تھیں لیکن اس کے بعد پینگ شوائی انجری کاشکار ہوگئیں اور میچ جاری نہ رکھ سکیں،میچ کا اسکور سات چھ اور چار تین رہا،انہیں بعد میں ویل چیئر پر اسٹیڈیم سے لے جایا گیا۔ سیرینا ولیمز اور کیرولین وزنیاکی کے درمیان یو ایس اوپن کا فائنل اتوار کو کھیلا جائےگا۔