07 ستمبر ، 2014
کراچی...... کراچی میں گزشتہ روز بلاول ہائوس کے قریب مبینہ پارکنگ کے تنازع پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیونیوز نے حاصل کرلی ہے ۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بااثرشخصیت کے نجی محافظوں نےکس دھڑلے سے ایل ایم جی سے فائرنگ کی اور لوگوں کو خوف میں مبتلا کردیا۔ کراچی کا پوش علاقہ کلفٹن اور اس کا انتہائی حساس مقام بلاول ہائوس۔ گزشتہ شب گولیوں کی گھن گرج سے گونج اٹھا، واقعہ بلکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وی وی آئی پی کلچر کی علامت ڈبل کیبن گاڑی سے بااثرشخصیت کے نجی محافظ دندناتے ہوئے ایک ریسٹورنٹ کی جانب سے بڑھتے ہیں اور چند لمحوں میں ایل ایم جی کی فائرنگ سے پورے علاقے کو خوف کے حصار میں قید کرلیتے ہیں۔ خوش قسمتی ہی کہی جاسکتی ہے کہ آتش و آہن کے پھوٹتے فواروں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوالیکن وہاں موجودڈرے سہمے لوگوں خصوصاً خواتین اور بچوں کے ذہن میں جونفسیاتی ہلچل پیدا ہوئی اس نے کئی سوال پیدا کردیے ہیں کہ لوگ تفریح یا کھانے پینے کی جگہوں پر بھی محفوظ کیوں نہیں؟ جنگل کاقانون نافذ کرنے والے یہلوگ کون ہیں؟نجی محافظوں کے پاس جنگی نوعیت کا اسلحہ کیسے آگیا؟ برتری کے اظہارکیلئے طاقت اور اسلحے کاہی سہاراکیوں؟ صرف گارڈزپر ہاتھ ڈ الا جائیگایا"بڑے"بھیگرفت میں آئیں گے؟ اور سب سے بڑھ کر شاہ زیب، حمزہ اور سلیمان لاشاری کو نگلنے والی سوچ کب دفن ہوگی؟