10 ستمبر ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں مسلح دہشت گردوںکے ہاتھوںٹارگٹ کلنگزکے واقعات کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اورکہاہے کہ کراچی میںجس طرح مختلف فقہوں اورمسالک سے تعلق رکھنے والے افرادکوچن چن کرنشانہ بنایاجارہاہے اس سے ایسالگتاہے کہ کراچی کو فساد اورخونریزی کی آگ میں جھونکنے کیلئے ایک سازش کے تحت ٹارگٹ کلنگ کاسوئچ آن کردیاگیاہے۔اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ تین روزقبل ممتازعالم عباس کمیلی کے صاحبزادے علی اکبرکمیلی اورآج جامعہ بنوریہ سائٹ کے مہتمم مفتی نعیم کے داماد مولانامسعودبیگ کونشانہ بناکرشہیدکردیا گیا۔ اس کے بعد شہرمیں تسلسل کے ساتھ قتل اوردہشت گردی کے واقعات ہوئے ، کورنگی میں مسلح دہشت گردوںنے دکان پر فائرنگ کی ایک مخصوص مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے تین افرادکوجاں بحق کردیا۔فیڈرل بی ایریامیں ایم کیوایم کے کارکن اوررابطہ کمیٹی کے رکن حیدررضوی کے کوآرڈی نیٹر سلمان کاظمی کو مسلح دہشت گردوں نے اس وقت فائرنگ کرکے شہیدکردیاجب وہ نائی کی دکان میں بال کٹوارہے تھے۔ اسی طرح سرجانی ٹاؤن میں ایم کیو ایم کے کارکن محمد عرفان ملک کے بھائی عمران ملک اورلیاقت آبادایف سی ایریامیں اورنگی ٹاؤن سیکٹرکے کارکن قیصرکے بڑے بھائی کوفائرنگ کرکے شہید کردیاگیا۔الطا ف حسین نے کہاکہ شہرمیں درندہ صفت دہشت گردمختلف فقہوں اورمسالک سے تعلق رکھنے والے معصوم وبے گناہ افرادکونہایت آزادی کے ساتھ نشانہ بنارہے ہیں، لوگوںکاخون بہارہے ہیں جبکہ پولیس، رینجرزاوردیگرسرکاری ادارے اس قتل وغارتگری اوردہشت گرد ی کوروکنے میں مکمل طورپرناکام نظرآتے ہیں۔اگر پولیس، رینجرزاوردیگرسرکاری ادارے شہریوںکوجان ومال کاتحفظ فراہم نہیں کرسکتے توعوام کوصاف بتادیاجائے کہ وہ اپناتحفظ خودکریں۔الطاف حسین نے صدرممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف ، وزیرداخلہ چوہدری نثاراوروزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ وہ قتل اوردہشت گردی کے ان بڑھتے ہوئے واقعات کوسنجیدگی سے لیاجائے، قتل وغارتگری کے واقعات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کی جائے اورشہریوں کوان سفاک عناصر سے تحفظ فراہم کیاجائے۔ الطاف حسین نے سلمان کاظمی شہیداوردیگرواقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والے افرادکواپنی جواررحمت میں جگہ دے اورلواحقین کو صبرجمیل عطاکرے۔