01 مارچ ، 2025
کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی تھانے پر نامعلوم ملزمان کریکر حملہ کرکے فرار ہوگئے، واقعہ میں 3 پولیس اہلکار زخمی اور ایک ہائی روف گاڑی کو نقصان پہنچا۔
صدر کے علاقے میں پریڈی تھانے پر نامعلوم ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا جس میں کانسٹیبل سمیت 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
واقعہ میں زخمی اہلکاروں ارشد، عامر اور ریاض کو پیروں اور چہرے پر زخم آئے ہیں جبکہ ایک ہائی روف کو بھی نقصان پہنچا۔
سی ٹی ڈی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے، ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ تھانے پر آر جی ڈی فائیو دستی بم سے حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیاءلنجار نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔