11 ستمبر ، 2014
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مذہبی انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیے بغیر پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست نہیں بنایاجاسکتا۔ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے 66 ویں یوم وفات کے موقع پر اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے بانی پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم ،ملک میں مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا فروغ چاہتی ہے تاکہ ملک میں قومی یکجہتی کو پروان چڑھایا جاسکے، ایم کیوایم چاہتی ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ کی تعلیمات کے مطابق پاکستان کو جمہوری، لبرل، روشن خیال مملکت بنایاجائے اور ملک میں ایسے معاشرے کا قیام عمل میں لایاجائے جہاں بلاامتیاز رنگ ونسل، زبان، قومیت، مسلک اورمذہب تمام شہریوںکو اپنے اپنے عقائد کے مطابق عبادت کرنے اور زندگی گزارنے کاحق حاصل ہو، ملک سے مذہبی انتہاء پسندی اورفرقہ واریت کا خاتمہ ہو، غیرمسلم پاکستانیوں سمیت تمام شہریوں کو برابری کی بنیاد پر حقوق ملیں اور پاکستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔دریں اثنا الطاف حسین نے اورنگی ٹائون سیکٹریوسی6غازی آبادکرسچن کالونی کے کارکن اکرم جلال کے بہیمانہ قتل پردلی رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے قتل کی مذمت کی اورمطالبہ کیاکہ اکرم جلال کے قتل میںملوث دہشت گردوںکوگرفتارکیاجائے اورتمام سوگوارلواحقین کوانصاف فراہم کیاجائے۔انھوں نے تمام سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے انہیںصبرکی تلقین کی اورکہاکہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میںمجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میںبرابرکے شریک ہیں۔ الطاف حسین نے اکرم جلال کے بلنددرجات اورسوگواران کے صبرجمیل کے لئے دعاکرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیاکہ اکرم جلال کے قتل میںملوث دہشت گردوںکوگرفتارکرکے عبرتناک سزادی جائے۔