11 ستمبر ، 2014
بارسلونا......شفقت علی رضا .........سفیر پاکستان اسپین رفعت مہدی کی بارسلونا میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین سے ملاقات کی۔تفصیلات کے مطابق قونصلیٹ جنرل بارسلونا آفس میں سفیر پاکستان کے اعزاز میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔جس میںاسٹیج سیکرٹری کے فرائض ویلفیئر قونصلر محمد اسلم خان غوری نے ادا کئے ۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈرڈ میں گذشتہ روز سے ریڈ ایبل پاسپورٹ کے اجراء کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد بارسلونا سے بھی یہ سلسلہ شروع ہو جائے گا ، ٹیکینکل اسٹاف بہت جلدبارسلونا قونصلیٹ میں ضروری مشینری کی تنصیب کر دے گا ۔انہوں نے کہا کہ میں واحد سفیر ہوں جس کی ملاقات نیلسن منڈیلا سے ہوئی اور نیلسن منڈیلا نے مجھے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ میری پسندیدہ شخصیت تھے اور آزادی کی جد و جہد میں نے ان سے ہی سیکھی تھی ۔میں نے نیلسن منڈیلا کو پاکستان آنے کی دعوت دی تو وہ اسلام آباد جانے کی بجائے پہلے کراچی مزار قائد پر گئے اور وہاں حاضری دینے کے بعد اسلام آباد گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ا سپین کے بادشاہ فلپ اے سکس نے بھی ایک ملاقات میںجب یہ اعتراف کیا کہ پاکستانی بہت محنتی قوم ہے اور سپین کی معیشت کے بڑھاوے میں پاکستانیوں کا بڑا اہم کردار ہے تو میرا سر فخر سے بلند ہو گیا ۔سفیر پاکستان نے پاکستانیوں سے دردمندانہ انداز میں کہاوہ اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھیںاور قومی تہواروں کا انعقاد یگانگت سے کریں ۔انہوں نے تقریب کے دوران تلخ اور شیریں سوالات کو انتہائی خندہ پیشانی سے سنا اور تسلی بخش جوابات دیئے ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اسپین کے ساتھ دہری شہریت کے لئے تیار ہے مگر اسپین اسکے لیے تیار نہیں۔ اس موقع پر قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ نے کہا کہ ہم بیس ستمبر کو اسی چھت تلے اکھٹے ہونگے اور پاکستان کے قومی دنوں کے پروگرامز کو متحدہ پلیٹ فارم سے منانے کی حکمت عملی ترتیب دیں گے ۔ تقریب میں مسلم لیگ ن ، مسلم لیگ ق ، پی پی پی ،تحریک انصاف ،دعوت اسلامی ،منہاج القران ،وحدت المسلمین ،ندائے کشمیر ، پاک پنجاب کاتالان ایسوسی ایشن ، مسلم سوسائٹی ،پاکستانی ورکرز یونین ، انجمن تاجران سپین ، آسے سوپ ،پاک فیڈریشن سپین ،القائم اسلامک سنٹر ، پاکستان ٹیکسی ایسوسی ایشن اورکرسچن ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے بھر پور شرکت کی ۔