پاکستان
18 اپریل ، 2012

صنعتیں کراچی کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی شہ رگ ہے،گورنر سندھ

صنعتیں کراچی کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی شہ رگ ہے،گورنر سندھ

کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پانی بجلی و گیس کے مسائل کے حل اور صنعتی و کاروباری سرگرمیوں کو سہولتیں فراہم کرنے کا بنیادی مقصد عام آدمی کو ریلیف دینا ہے انہوں نے یہ بات کراچی کی ساتوں صنعتی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں سے ملاقات میں کہی۔گورنر سندھ نے کہا کہ صنعتیں کراچی کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی شہ رگ ہیں۔ انتہائی نازک معاشی موقعوں پر صنعتکاروں نے پاکستان کو سہارا دیا اور صنعتی ترقی کا سلسلہ جاری رکھا۔ آج بھی ہمیں جن معاشی چیلنجز کا سامنا ہے اس سے نبرد آزما ہونے کے لئے صنعتکاروں اور تاجروں کو اپنی بہترین استعداد کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔گورنر سندھ نے کہا کہ پانی کا مسئلہ پیچیدہ رہا ہے لیکن اب اسے طے کرلیا گیا ہے اور آئندہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے پانی کی کمی کا مسئلہ پیدا نہیں ہوگا جسکے لئے KESC کو ہدایت جاری کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی پیداوار میں کمی کی وجہ سے صورتحال پیچیدہ ہے اس حوالے سے بھی بہت جلد نئی گیس فیلڈ کی سسٹم میں شمولیت سے حالات بہترہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے مسئلے کو بہتر بنانے کے لئے مختلف آپشنز پر کام جاری ہے جسکے بہتر نتائج نکلنے کی توقع ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ تمام صنعتی زونز کے گرد کیمروں کا جال بچھادیا گیا ہے جس سے ان زونز میں ہونے والی چوریوں پرقابو پانے میں کافی حد تک مدد ملی ہے۔

مزید خبریں :