18 ستمبر ، 2014
اسلام آباد..........جیو نیوز کی بندش کے معاملے کی ایک بار پھر پارلیمنٹ کے مشترکا اجلاس میں بازگشت سنی گئی۔ سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ اتنے حملے سومنات مندر پر نہیں ہوئے جتنے جیو پر کردیئے گئے،عمران خان کو ہیرو جیو ہی نے بنایا تھا، جیو پھر سے ابھرے گا اور طاقت والے دیکھتے رہ جائیں گے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا مزید کہنا تھاکہ جیو اورجنگ اس ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے،غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جیو کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے،جیو اور جنگ گروپ کی پاکستان کےلیے بڑی خدمات ہیں،جیو کیساتھ جو کچھ ہورہاہے پارلیمنٹ اس میں کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ جیو کا نہیں، یہ قومی مسئلہ ہے،جیوکے اخبارات اور گاڑیوں کو جلایا جاتا ہے،کسی کو اجازت نہیں کہ اگر کسی نے غلطی کی تو آپ اسے کچل کر رکھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ ان اداروں کو استعمال کیا جائے جو ملک میں مسائل کے حل کےلیے ہیں،آج عمران خان جو بھی ہے، جیو کی وجہ سے ہے، یہ کہتے ہیں استعفیٰ دے دیں گے لیکن ان کے لوگ استعفیٰ دینےکو تیار نہیں،انقلابی ٹھمکے والے خیبر پختونخواکے وزیراعلیٰ باہر کھڑے ہیں۔