19 ستمبر ، 2014
ملتان...... پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملتان کے سیلاب سے متاثرہ علاقے ہیڈ محمد والا پہنچے۔ متاثرین سے مختصر خطاب میں انھوں نے کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں، ایک قوم بننے کا ہے۔ اس موقع پر انھوں نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے۔ اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں پیپلز پارٹی کے صوبائی عہدیداروں سے ناشتے پر ملاقات کی اور غیر رسمی اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ لاہور کے مختصر دورے کے بعد بلاول بھٹو ملتان کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہوگئے۔ بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کے بلاول ہاؤس میں پارٹی عہدے داروں کو ناشتے پر مدعو کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ان کا پنجاب کا دورہ سیلاب متاثرین کے لئے ہےاور وہ اس بات پر کسی قسم کی کوئی سیاست نہیں کرنا چاہتے، پنجاب میں پیپلز پارٹی کو ایک بار پھر مضبوط بنائیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی جماعت سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، وہ جلد دوبارہ پنجاب آئیں گے اور پیپلز پارٹی کو منظم کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب کے سیلاب زدگان کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے راشن کے 6 ٹرک بھی روانہ کئے۔