پاکستان
22 ستمبر ، 2014

سندھ میں سیلابی ریلے کا زور کم ہونے لگا

سندھ میں سیلابی ریلے کا زور کم ہونے لگا

کراچی......سندھ میں سیلابی ریلے کا زور کم ہونے لگا ہے۔ ریلے کی لپیٹ میں آنے والے علاقوں میں پانی بڑھنے کا عمل رک گیا۔پنجاب میں بھی بعض علاقوں سے سیلابی پانی ابھی نہیں نکلا،متاثرین ریلیف کیمپوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔سندھ میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے کے بہاؤ میں کمی کے بعد کشمور میں سیلابی پانی کی تباہی رک گئی ہے۔ شکار پور کے متعدد دیہات پانی سے گھرے ہوئے ہیں اور سیکڑوں ایکڑ پر زیر کاشت فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ادھر سکھر میں پنوں عاقل کے کچے کے متعدد دیہاتوں میں بھی پانی کھڑا تو ہے لیکن اس کی سطح میں اضافہ اب رک گیا ہے۔تاہم سیلابی پانی نے چاول دالوں اور سبزیوں کی فصلیں تباہ کرکے مقامی چھوٹے کاشتکاروں کو سخت مالی نقصان پہنچایا ہے۔لاڑکانہ اور گھوٹکی میں حفاظتی بندوں پر بڑی تعداد میں لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے۔جو اپنے علاقوں سے سیلابی پانی اترنے اور گھروں کو لوٹنے کے منتظر ہیں۔ادھر پنجاب میں بھی کئی علاقے اب بھی پانی میں ڈوبے ہیں۔مظفر گڑھ کے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ محکمہ انہار کی رہائشی کالونی میں دو دو فٹ سیلابی پانی جمع ہے۔ملتان ،جھنگ چنیوٹ اور بہاولپور سمیت دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں خیمہ بستیاں قائم ہیں جہاں سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کے لیے خوراک اور علاج کا بندوبست کیا جارہا ہے۔تاہم اپنے گھروں کو لوٹنے والے افراد،امداد نہ ملنے سے مشکلات کا شکار ہیں۔


مزید خبریں :